چنیوٹ (نمائندہ نوائے وقت) ادارہ مرکزیہ دعوت و ارشاد چنیوٹ میں 62ویں سالانہ فتح مباہلہ کانفرنس سے خطاب میں انٹرنیشنل ختم نبوت پاکستان کے امیر و ممبر پنجاب اسمبلی مولانا محمد الیاس چنیوٹی، ڈاکٹر احمد علی سراج، صاحبزدہ زاہد محمود قاسمی فیصل آباد، مولانا مسرور نواز جھنگوی، مولانا قاری یامین گوہر چنیوٹی، مولانا عصمت اللہ بندیالوی، علامہ شاہ نواز فاروقی، قاری احمد علی ندیم، مولانا توصیف احمد، قاری حق نواز رحیمی، مفتی جمال الدین بلوچستان، قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا گلزار احمد آزاد، سید محمد کفیل شاہ بخاری، امیر مجلس احرار اسلام و دیگر علمائے کرام نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کرنا ہر مسلمان کے ایمان کی نشانی ہے۔ ملکی مفاد کے لیے قادیانیوں کو آئین و قانون پاکستان کا پابند بنایا جائے اور ان کی ناپاک سازشوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ قادیانی اسلام اور پاکستان کے وفادار نہیں۔ پوری دنیا میں یہ مسلمانوں کا لبادہ پہن کر اسلام اور پاکستان کو بدنام کرتے ہیں۔ عقیدہ ختم نبوت اور مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کے تحفظ کے لیے مسلمان سب کچھ قربان کر دیںگے۔ آئین کے مطابق قادیانی شعائر اسلام کا استعمال نہیں کر سکتے۔ حضور ﷺ ہمارے آخری نبی ہیں۔ منکرین ختم نبوت کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔ 62ویں سالانہ فتح مباہلہ کانفرنس کی قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ یہ اجتماع 62ویں سالانہ فتح مباہلہ کانفرنس کے انعقاد پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہے۔ قادیانی ایک فتنہ پرور گروہ ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جب قادیانی اپنی آئینی حیثیت کو تسلیم نہیں کرتے بلکہ اس کو’’کالاقانون‘‘ کہتے ہیں تو یہ اپنے آئینی حقوق کس منہ سے مانگتے ہیں؟۔ یہ اجتماع عظیم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اورعالم اسلام کے راہنماؤں سے مطالبہ کرتا ہے کہ متحد ہو کر حالیہ جنگ کی تباہ کاری کو رکوانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرکے تاریخ میں اپنا نام غیور حکمرانوں کی فہرست میں لکھوائیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے 25فروری 1948، اردوکو قومی زبان قرار دیا تھا۔ ’’اردو‘‘ پاکستان کی آئینی، قانونی اور سرکاری زبان ہے۔ دنیا کے ہر ملک نے اپنی قومی زبان میں تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کی منازل طے کی ہیں۔ یہ اجتماع حکومت پاکستان اور مقتدر حلقوں سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ پاکستان کی قومی زبان ’’اردو‘‘ کو بطور ذریعہ تعلیم اور دفاتر میں نافذ کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فی الفور عمل درآمد کرے تاکہ پاکستان کے شہریوں کو ان کا بنیادی حق مل سکے۔ عام آدمی کا بچہ پڑھ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔ ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نومنتخب حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اہلیان چنیوٹ کے بنیادی حقوق اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے۔
عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کی نشانی ہے
Feb 28, 2024