لاہور‘ نوشہرہ ورکاں (خبر نگار+ نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں نئے بھرتی ہونے والے 9 ایڈیشنل سیشن ججوں اور 26 سول ججوںنے اپنے عہدوں کا حلف لے لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے کہا کہ خود پر فخر ہے کہ میں نے کبھی کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔ رشتہ دار بھی شک ناراض ہو جائیں لیکن پروردگار کی ناراضی کو کبھی دعوت نہ دینا۔ جج ہونا کوئی نوکری نہیں بلکہ آزمائش اور امتحان ہے۔ ہم اپنے فیصلوں کے بارے میں اللہ کے حضور جواب دہ ہیں۔ اللہ تعالی انصاف کرنے والے لوگوں کو چنتا ہے۔ جج کے نام کے ساتھ عزت و احترام ہمیشہ منسلک رہتا ہے۔ یہ عزت اور احترام ہمیں اپنے فیصلوں کی بدولت برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ آپ سب کو اپنے منصب کی حفاظت کرنی ہے۔ ہر فیصلے کے ساتھ جج کا کردار منسلک ہوتا ہے۔ ایک دفعہ کردار پر لگا داغ صاف نہیں ہوگا۔ آج سے نئے جج پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پری سروس ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیربھٹی نے نوشہرہ ورکاں جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نوشہرہ ورکاں جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو صدر تحصیل بار ظہیر اکرم گورایہ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری بار راؤ سبطین علی ایڈووکیٹ نے دیگر سینئر وکلاء کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کرکام کرنے کی ضرورت ہے اسی طرح پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ نوشہرہ ورکاں میں بار اور بنچ کا مثالی تعلق دیکھ کر مسرت ہوئی۔ وکلاء تحمل اور بردباری سے عدالتوں میں اپنے دلائل دیں تاکہ ججز کو کیسز کے فیصلوں میں آسانی ہو۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سجاد حسین سندھڑ، کمشنر نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، رانا ایاز سلیم سی پی او گوجرانوالہ، مقامی ایڈیشنل سیشن ججز، سول ججز، ڈسٹرکٹ بار اور کامونکی بار کے عہدیداروں سمیت مقامی وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے بار روم، مسجد اور وکلاء چیمبرز کے راستہ کے لئے فوری فنڈز کی فراہمی کا اعلان بھی کیا۔ ایکسیئن بلڈنگ میڈم صبا نے مہمان خصوصی کو جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر بارے بریفننگ دی۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے جوڈیشل بلاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وکلاء چیمبرز کا افتتاح اور بار روم کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ تحصیل بار کے سینئر ممبرز اور وکلاء رہنماؤں چوہدری محمد مالک ورک، غلام تقی بریار، رانا محمد جمیل، رانا واجد مقصود، چوہدری علی ذوالقرنین چیمہ، چوہدری محمد کامران اولکھ، چوہدری محمد عاقل ڈھڈی نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈ‘ سووینیئر اور تحائف پیش کئے۔
جج ہونا آزمائش، فیصلوں پر اللہ کے حضور جوابدہ ہیں: جسٹس امیر بھٹی
Feb 28, 2024