ٹیلر سوئفٹ کے والد نے فوٹوگرافر کو مُکّا مار دیا

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے والد نے مبینہ طور پر ایک فوٹوگرافر کو مُکّا مار دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فوٹوگرافر نے ٹیلر سوئفٹ کے والد اسکاٹ سوئفٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ منگل کو آسٹریلیا میں انہوں نے بیٹی کی تصویر لینے کی کوشش کے دوران مُکّا مارا۔

رپورٹس کے مطابق فوٹوگرافر نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ کی سیکیورٹی ٹیم نے اس واقعے کا آغاز کیمرے پر مارنے سے کیا، مجھے نہیں معلوم کہ کس نے پہلے مکے مارے۔

ایک انٹرویو میں فوٹوگرافر کا کہنا تھا کہ کوئی شخص میری طرف دوڑتا ہوا آیا اور میرے چہرے کے بائیں طرف گھونسا مارا، ابتدائی طور پر مجھے لگا کہ یہ ایک آسٹریلوی سیکیورٹی اہلکار ہے جو امریکیوں کے سامنے ہیرو بننے کی کوشش کر رہا تھا لیکن اصل میں وہ گلوکارہ کے والد تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی سینئر فوٹوگرافر نے اس حوالے سے پولیس کو معلومات فراہم کردی ہیں۔

دوسری جانب ٹیلر سوئفٹ کے ترجمان نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ 2 افراد غصے میں گلوکارہ کی طرف بڑھ رہے تھے اور وہ ان کے سیکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی کر رہے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد عملے کی ایک خاتون کو پانی میں پھینکنے کی دھمکی دے رہے تھے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 51 سالہ شخص پر 71 سالہ شخص کے مبینہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ای پیپر دی نیشن