اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) انٹرنیشنل ریپبلکن انسٹی ٹیوٹ کے سروے کے مطابق مسلم لیگ ن پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جبکہ تحریک انصاف دوسرے اور پیپلزپارٹی تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ آئی آر آئی کے سروے رپورٹ کے مطابق قومی سطح پر مسلم لیگ ن کی مقبولیت 28 فیصد سے بڑھ کر 32 فیصد ہوگئی‘ تحریک انصاف کی مقبولیت 24 فیصد سے کم ہوکر 18 فیصد تک آگئی۔ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں کوئی کمی یا اضافہ نہیں ہوا جو 14 فیصد ہے ‘ سروے میں 18 کروڑ کے ملک میں سے پانچ ہزار لوگوں سے پوچھا گیا کہ اگر آئندہ ہفتے قومی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے تو کس کو ووٹ دیں گے اس سوال کے جواب میں یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے سروے کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن کی مقبولیت43 فیصد سے بڑھ کر 49 فیصد، تحریک انصاف کی 19 فیصد اور پیپلزپارٹی کی 8 فیصد ‘ سندھ میں پیپلزپارٹی 39 فیصد سے کم ہوکر 32 فیصد رہ گئی ‘ مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت 6 فیصد سے بڑھ کر 8 فیصد ہوگئی ہے، ایم کیو ایم کی 16 فیصد، تحریک انصاف کی 9 فیصد ہوگئی ہے جبکہ (ق) لیگ کی صرف ایک فیصد ہے۔ خیبر پی کے میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت 9 فیصد سے بڑھ کر 12 فیصد ہوگئی ہے عوامی نیشنل پارٹی کی مقبولیت 3 فیصد ہے۔ تحریک انصاف 30 فیصد سے بڑھ کر 32 فیصد ہوگئی بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی مقبولیت بڑھی ہے اس صوبے میں مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے باقی پارٹیوں کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت 8 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد، پیپلزپارٹی کی مقبولیت سے بڑھ کر 18 فیصد، جے یو آئی (ف) کی مقبولیت 4 فیصد سے بڑھ کر 8 فیصد ہوگئی ہے۔پاکستانی عوام کی اکثریت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی مخالفت کردی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے 32 فیصد نے مہنگائی کو بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 20 فیصد لوگوں نے بے روزگاری کو بڑا مسئلہ قرار دیا۔