آرٹیکل 62 اور 63کے اطلاق سے 70 فیصد ارکان الیکشن کیلئے نااہل ہو جائینگے: کنور دلشاد

لاہور (اشرف ممتاز/ نیشن رپورٹ) الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور آرٹیکل 62اور 63کے نفاذ کی صورت میں موجودہ اسمبلیوں کے 70 فیصد ارکان نااہل ہو جائیں گے۔ کنور دلشاد نے نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان انتخابی اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد سے ایسے کرپٹ افراد جنہوں نے گذشتہ انتخابات اپنی دولت کے بل بوتے پر جیتے تھے کامیاب نہیں ہو سکیں گے اور مڈل کلاس کے لوگوں کو بھی الیکشن میں کامیابی مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی جماعتیں اس معاہدے کی اس لئے مخالفت کر رہی ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ عملدرآمد کی صورت میں انہیں انتخابی امیدوار پورے کرنا مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی پڑتال کے لئے 30 دن ملنے اور آزاد عدلیہ کی موجودگی میں کرپٹ افراد کا انتخابی عمل میں شامل ہونا ناممکن ہو جائے گا اور نئی آنے والی اسمبلی میں نئے چہرے آئیں گے اور یہ ایماندار لوگ ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن