بہاولپور جنوبی پنجاب میں شامل نہیں ہونگے ”میانوالی بچاﺅ تحریک“ شروع‘ سیاسی ‘ مذہبی جماعتوں کا دھرنا

میانوالی (نمائندگان) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی نے ضلع میانوالی کی سیاسی، مذہبی اور تجارتی تنظیموں کے اشتراک سے میانوالی ضلع کو نئے بننے والے بہاولپور صوبہ پنجاب میں شامل کرنے کے اقدام کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کردی۔ ڈسٹرکٹ بار میانوالی، انجمن تاجران میانوالی، مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی تحریک، جماعت اہلسنت، جمعیت علماءاسلام، کسان اتحاد اور دیگر علاقائی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان نے جہاز چوک میانوالی پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹے چوک پر دھرنے دئیے رکھا جس سے کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی۔ ضلع میانوالی کی تمام سیاسی، مذہبی، تجارتی تنظیموں کے زیراہتمام پریس کلب میانوالی میں بڑا احتجاجی جلسہ ہوا جس سے مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک محمد فیروز جوئیہ، ایم پی اے علی حیدر نور خان، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق ایم این اے انعام اللہ خان نیازی، انجمن تاجران میانوالی کے صدر محمد آئفل خان، پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار قومی اسمبلی بابر خان سوانسی ایڈووکیٹ، خورشید انور خان، تحریک انصاف کے ضلعی آرگنائزر محمد علی خان، ڈسٹرکٹ بار میانوالی کے صدر سردار نصر اللہ خان، سابق صدر ظفر اقبال خان، انجمن تاجران مین بازار کے صدر ثناءاللہ خان، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری حکیم محمد ایوب قریشی اور دیگر رہنماﺅں نے میانوالی ضلع کو یہاں کے عوام اور جماعتوں کی اجازت، مشاورت کے بغیر اسے صوبہ بہاولپور جنوبی پنجاب میں شامل کرنے کو ایک بہت بڑی سازش قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی لاوارث ضلع نہیں ہے جس کا جی چاہے وہ اسے اپنے سیاسی ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتا پھرے۔ ہم ان تمام سازشوں کی کو ناکام بنا دینگے۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب میں مقررین نے کہا حقوق پر شب خون مارنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ ڈسٹرکٹ بار میانوالی کے صدر سردار نصراللہ خان ایڈووکیٹ کو ”میانوالی بچاﺅ تحریک“ کا صدر، انجمن تاجران کے صدر ثناءاللہ خان گڈی خیل کو جنرل سیکرٹری جبکہ وکلاءتحریک کے نامور رہنما سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ظفراقبال خان ایڈووکیٹ آف موچھ کو کنونیئر منتخب کر لیا گیا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے صدر ساجد خان آف موچھ، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ جاویداقبال ساجد، جے یو پی کے ضلعی صدر عطاءاللہ خان روکھڑی، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی کنونیئر محمد علی خان، متحدہ طلباءکونسل کے صدر فضل الرحمن خان، انجمن تاجران کے ضلعی صدر عطاءاللہ خان شہباز خیل سمیت دیگر کو کونسل رکن منتخب کر لیا گیا۔ ”میانوالی بچاﺅ تحریک“ کے میڈیا کوآرڈینیٹر ممتاز صحافی حسن ناصر بھچر کو منتخب کیا گیا جبکہ سیکرٹری نشر و اشاعت کے لئے سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب ملک عبدالمجید زاہد کا انتخاب کیاگیا۔ ”میانوالی بچاﺅ تحریک“ کے پہلے اجلاس میں حکومتی فیصلے کے خلاف آج بروز سوموار ضلع بھر میں مکمل پہیہ جام اور شٹرڈاﺅن ہڑتال کی جائے گی۔ ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز، مارکیٹیں، پٹرول پمپس بند رہیں گے۔ مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں کے ہزاروں کارکن دن 11 بجے جہاز چوک پر احتجاجی دھرنا دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...