لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان جوجسٹو فیڈریشن کے جنرل کونسل اجلاس میں اگلے چار سال کے لیے خلیل احمد خان صدر جبکہ وقار الیاس خان سیکرٹری جنرل بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان نے فیڈریشن کے قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے پر پاکستان آرمی کی رکنیت کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی مریم کو غیر قانونی طور پر خیبر پی کے کی نمائندگی کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔ پاکستان جوجسٹو فیڈریشن کے صدر خلیل احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان کی منظوری سے بورڈ کے ارکان کی تعداد 8 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی۔ فیڈریشن کے نئے عہدیداران میں خلیل احمد خان صدر، نائب صدور میں سید عابد علی، مسز شبینہ سعید، وقار الیاس خان سیکرٹری جنرل، کرنل (ر) جی ایم چنگیزی ایسوسی ایٹ سیکرٹری، ڈاکٹر شہزاد عمران خازن، کاظم علی چنگیزی ڈائریکٹر ریفری، ڈائریکٹر سپورٹس میں طارق علی، امیر مختار اور لیاقت علی جبکہ ایگزیکٹو ممبران میں تحسین اﷲ، حافظہ نیلم اسحاق، عرفان بھٹی اور حافظہ عروج فاطمہ شامل ہیں۔ اجلاس میں فیڈریشن کی آڈٹ رپورٹ اور سابق اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔