فاٹا میں مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے آئندہ ماہ مشترکہ اجلاس متوقع


اسلام آباد(ثناءنیوز) قبائلی علاقوں میں مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے گرینڈ قبائلی جرگہ ا ور دینی و سیاسی جماعتوںکا مشترکہ اجلاس متوقع ہے ۔ اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں بعض جماعتوں کی عدم شرکت کے پیش نظر جرگہ کے تحت وسیع مشاورت پر اتفاق ہوا ہے ۔ اس طرح مجوزہ کل جماعتی کانفرنس کا میزبان قبائلی جرگہ ہو گا۔ فریقین نے مشترکہ اجلاس کی حمایت کا عندیہ دےدیا۔اے این پی کی قیادت سے کہا گیا کہ اس طرح کی بڑی سرگرمی کے انعقاد کیلئے گرینڈ جرگہ کو موقع دیا جائے۔ متفقہ گرینڈ جرگہ کو تمام دینی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کرنے دیں ۔ اس طرح کوئی معترض بھی نہیں ہوگا اور جرگہ کو دینی وسیاسی جماعتوں سے مشاورت کا بھی موقع مل جائےگا۔ ذرائع کے مطابق اے این پی نے اس تجویز کی حمایت کا عندیہ دے دیا ہے ۔
 اس طرح مجوزہ اے پی سی جرگہ کے تحت طلب کیے جانے کا قوی امکان ہے ۔ قبائل اور قائدین کے درمیان اس وسیع تر مشاورت میں تشدد کے خاتمے ،طالبان سے مذاکرات کے طریقہ کار ، مفاہمتی عمل کی کامیابی ، قیام امن قبائلیوں کو قومی دھارے میں لانے سمیت دیگر سفارشات کا اعلان کیا جائےگا ۔ فروری کے اوائل میں یہ مشترکہ اجلاس متوقع ہے۔
مشترکہ اجلاس

ای پیپر دی نیشن