میانوالی(نمائندہ نوائے وقت محمد یوسف خان چغتائی ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عائلہ ملک نے کہا ہے کہ میانوالی کو سرائیکی صوبہ میں شامل کرنے کی مخالفت کریں گے، ضلع میانوالی کے ٹکڑے نہیںہونے دیں گے۔اپریس کلب میانوالی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور ضلع کے غیور عوام میانوالی کو سرائیکی صوبہ میں شامل کرنے کی مخالفت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرست سیاستدان ضلع میانوالی کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں جو ہم کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی کو جنوبی پنجاب صوبہ میں شامل کرنے کافیصلہ کرنے والے ق لیگ والے کون ہوتے ہیں یہ
فیصلہ میانوالی کے عوام کریں گے اور اس پر ریفرنڈم کرانا چاہئے کہ میانوالی کی عوام کیا چاہتی ہے ۔عائلہ ملک نے کہا کہ لاڑکانہ اور لاہور والوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے اور آئندہ وزیر اعظم میانوالی سے عمران خان ہوگا۔ آج ملک بڑے نازک حالات سے گزر رہا ہے، کسی کا جان و مال اور عزت محفوظ نہیں، ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کا دور دورہ ہے، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کالاباغ ڈیم بن جاتا تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا۔
عائلہ ملک