پیپلز پارٹی بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کا ڈرامہ کر رہی ہے:امتیاز کاہلوں

Jan 28, 2013

 سانگلہ ہل (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی صدر چوہدری امتیاز احمد کاہلوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی محض انتخابی نعرے کیلئے بہاولپور جنوبی پنجاب کے صوبے کا ڈرامہ کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت اقتدار کی ہوس میں پہلے بھی ملک توڑ چکی ہے اور زرداری حکومت اور ان کے اتحادی آئندہ الیکشن جیتنے کےلئے عوام بالخصوص جنوبی پنجاب کے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں اور انکے جذبات سے کھیل کر اقتدار کی سیڑھیاں چڑھنا چاہتے ہیں، وہ صحافیوں سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے، اس موقعہ پر مسلم لیگ ن کے تحصیل جنرل سیکرٹری عمران بوبک، یوتھ ونگ کے سٹی صدر مقصود احمد معاویہ اور ملک صدیق بھی موجود تھے،چوہدری امتیاز احمد کاہلوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اقتدار کے لالچ میں ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کر رہی ہے، پیپلز پارٹی کا پنجاب کو صوبوں میں تقسیم کرنے کا مقصد محض مسلم لیگ ن کی طاقت کو ختم کرنا اور نئے صوبے سے سیاسی فائدہ اٹھانا ہے مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن صوبوں کی تقسیم کے خلاف نہیں بلکہ اس کا یہ اصولی موقف ہے کہ تمام صوبوں کی تقسیم کیلئے ایک قابل قبول فارمولا وضع کیا جائے، محض ایک پارٹی کو نقصان پہنچانے کےلئے پنجاب کو مختلف حصوں میں بانٹ دینا ملک دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ 

مزیدخبریں