اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حکومت سے سکیورٹی نہ ملنے پر مارکیٹ سے سکیورٹی آلات خرید کر اپنی گاڑی میں لگوا لئے۔ پارلیمانی کیفے ٹیریا میں صحافیوں سے ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا طالبان جس طرح باآسانی جی ایچ کیو سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے راولپنڈی کی چائنا مارکیٹ میں جدید نوعیت کے جاسوسی آلات آسانی سے دستیاب ہیں جن کے ذریعے طالبان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے وائرلیس بیغامات آسانی سے سن کر ٹارگٹ کا تعین کرتے ہیں میرے جیسے آدمی کے لئے حکومتی سکیورٹی کے بغیر لو پروفائل رہنا ہی بہتر ہے اس کے باوجود میں نے بھی اپنی گاڑی میں مارکیٹ سے کچھ چیزیں خرید کر لگوا لی ہیں۔