لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپئن اختر رسول نے کہا کہ 10 فروری تک قومی ہاکی ٹیم کا کیمپ نہ لگا تو اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کو ٹورنامنٹس سمیت دیگر اخراجات کی تفصیلات فراہم کر گئی ہیں، فنڈز کے بغیر کوئی کھیل ترقی نہیں کر سکتا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنڈز کی اشد ضرورت ہے تاکہ ڈومیسٹک کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹورنامٹنس میں شریک کرایا جا سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا کہ فنڈز کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر آئی پی سی ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں انہیں بتا دیا ہے کہ پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل ٹیم آنے کو تیار نہیں ایسے میں تمام بین الاقوامی ہاکی سرگرمیاں دیار غیر میں ہی مکمل کرنا پڑتی ہے جو فنڈز کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ گذشتہ چار پانچ سال سے پاکستان ہاکی کی ترقی کے لیے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کو جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔