اسلام آباد (این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ تیل بحران کی بنیادی ذمہ داری وزیراعظم نواز شریف پر عائد ہوتی ہے، ملک میں فرنس آئل کی شدید کمی ہے، پورا ہونے میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں، عوام سیاست دانوں کی حرکتوں اور نالائقیوں کی وجہ سے تنگ ہیں، کے الیکٹرک سے معاہد ہ ختم کر نے پر کراچی جیسا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا تو خود حکومت کیلئے بڑے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔ ایک انٹرویو میں خورشید شاہ نے کہا کہ اوگرا کے چیئرمین اور سیکرٹری پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ وہ تیل کی کمی کے خدشات سے حکومت کو برابر مطلع کرتے رہے جبکہ وہ خود بھی اس حوالے سے قومی اسمبلی میں توجہ دلاتے رہے انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم پارلیمنٹ کے اجلاس میں باقاعدگی سے آتے تو انہیں یہ احساس ہو جاتا کہ پٹرول کا بحران ہونے والا ہے۔ ملک کے بڑے حصے میں بجلی کے بریک ڈاؤن پرخورشید شاہ نے کہا کہ یہ متعلقہ ادارے کی نااہلی ہے۔