مٹھی/ ملاح آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھر میں قحط اور غذائی قلت کے باعث بدھ کے روز 2 عورتوں سمیت 9 کمسن بچے دم توڑ گئے۔ اس طرح جنوری کے دوران ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 105 ہو چکی ہے۔ گائوں ستون میل میں 20 سالہ حاملہ خاتون، گائوں بھاڈار ہالیپوٹہ میں منٹھار ہالیپوٹہ کی5 دن کی بچی پھوٹو خان، بجیر دو دن کا بچہ، گائوں گالہائو میں تین روز کا سرور اور دو روز کی بچی، گائوں گوگا سر میں شوکت جونیجو کا نومولود بچہ بھی فوت ہوگیا۔ اسکے علاوہ چلیہار کے نزدیک گائوں ستلا کی حاملہ عورت شریمتی سہجاں ہلاک ہوئی۔ دریں اثناء نیشنل کمشن فار ہیومن رائٹس نے تھر میں بڑھتی ہوئی بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا اور حقائق جاننے کیلئے ایک ٹیم تھر بھیجنے اور اس معاملہ کو ترجیحی بنیادوں پر لینے کا فیصلہ کر لیا۔