اوکاڑہ ( نامہ نگار) علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت نے بھارت کا جھنڈا لہرانے والے 22 سالہ عمر دراز کو جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے عمر دراز کو صدر اوکاڑہ کی پولیس نے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ یاد رہے کہ تھانہ صدر اوکاڑہ کی پولیس نے سب انسپکٹر محمد عمران کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا پولیس جب اُسے گرفتار کرنے گئی تو یہ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے اور اس کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی عمر دراز پیشہ کے لحاظ سے درزی ہے جو کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی مانتا ہے اس ہی وجہ سے اس نے اپنے گھر پر بھارت کا پرچم لہرا دیا تھا اس کی دکان اور گھر میں بھارت کے کھلاڑی ویرات کوہلی کی بڑی بڑی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔ آئی این پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہعمر دراز کے خلاف 16 ایم پی او اور 123 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عمر دراز نے اوکاڑہ کے ایک گائوں میں اپنے مکان پر بھارتی پرچم لہرایا ہے جس پر پولیس نے کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق عمر دراز کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے مداح ہیں اور ان کے لئے انہوں نے بھارتی پرچم مکان پر لہرایا۔ اے ایف پی کے مطابق 22 سالہ عمر دراز کو بھارتی پرچم لہرانے کے الزام میں 10 سال تک قید اور جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ عمر دراز نے آسٹریلیا کیخلاف بھارت کے ٹی 20میچ کے دوران بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کی جانب سے وننگ شارٹ لگانے پر بھارتی پرچم لہرایا گیا۔ پولیس افسر فیصل رانا کے مطابق عمر دراز کیخلاف پاکستان پینل کوڈ اور پاکستانی نظریہ کیخلاف اقدام کا الزام ہے اور اسے 10سال قید اور جرمانہ کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمر دراز نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ وہ بھی پاکستانی ہے لیکن ویرات کوہلی کو پسند کرتا ہے تاہم اسے نہیں معلوم تھا کہ پرچم لہرانا جرم ہے۔
گھر پر بھارت کا پرچم لہرانے والے نوجوان کو جیل بھیج دیا گیا‘ ویرات کوہلی کا مداح ہوں: ملزم
Jan 28, 2016