لاہور + اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ اے پی پی) پنجاب میں سوائن فلو کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ روز سوائن فلو کے مزید مشتبہ 5 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں سال جنوری میں سوائن فلو کیسز کی مجموعی تعداد 85 ہوگئی ہے۔ رواں سیزن کے دوران سوائن فلو اب تک 19ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔دوسری طرف اسلام آباد سمیت ملک بھر میں انفلوائنزا اے ایچ ون این ون وائرس کے نتیجہ میں اب تک 30افراد جاں بحق اور237 متاثر ہو چکے ہیں۔قومی ادارہ صحت کے مطابق یکم نومبر سے اب تک اسلام آباد میں انفلوائنزا وائرس سے 8 افراد جاںبحق ہوئے جبکہ پنجاب بھر میں 20 اور خیبر پی کے میں 2 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔قومی ادارہ صحت کی ڈائریکٹر فرناز ملک کا کہنا ہے کہ اے ایچ ون این ون وائرس سے متاثرہ افراداسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان اور پشاور میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موسمی وائرس ہے جو ہر سال دیکھنے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ صحت کے پاس اس کی تشخیص کی سہولت موجود ہے۔
پنجاب: سوائن فلو کے مریضوں میں اضافہ، مزید 5مشتبہ کیسزسامنے آگئے
Jan 28, 2016