”تحریک لبیک یا رسول اللہ“ نے قومی سیاسی عمل میں شامل ہونے کا اعلان کردیا

Jan 28, 2017

کراچی ( نیوز رپورٹر) تحریک لبیک یا رسول اللہ سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے زیر اہتمام 29 جنوری اتوار کو نشتر پارک میں نماز ظہر تا عشاءعظیم الشان ”تحریک لبیک یا رسول اللہ کانفرنس “ منعقد ہورہی ہے ، جس کا عنوان ”مقروض پاکستان مضبوط پاکستان کب بنے گا؟“ جس میں ممتاز علماء مشائح کے خطاب کا آغاز سہ پہر ساڑھے تین بجے سے ہوگا جبکہ کانفرنس کا اختتام اور کلیدی خطاب امیر المجاہدین شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کا ہوگا۔ کانفرنس کا باقاعدہ اجازت نامہ ضلعی انتظامیہ نے تحریک مقامی انتظامیہ کو دے دیا ہے یہ کانفرنس پاکستان کے دل شہر قائد کے تاریخی نشتر پارک میں اسی مقام پر ہورہی ہے جہاں آج سے 11 سال قبل عید میلادالنبی کے روز 64 جید علماہ ومشائح حفاظ قرآن وعاشقان رسول کو دہشت گردی کے منصوبے کے تحت شہید کردیا گیا تھا اس سانحہ کے ملزموں کو آج تک ریاست انصاف کے کٹہرے میں لانے سے قاصر رہی ہے یہ سودا اعظم اہل سنت وجماعت کی حب الوطنی ہے اور قومی تاریخ کا وہ نازک موڑ ہے کہ عالمی طاغوتی طاقتیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی نظریاتی اساس اور جغرافیائی سرحدوں پر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو ٓزادی اظہار کے جواز کی آڑ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کے لئے سرگرم عمل ہیں لہٰذا تحریک لبیک یا رسول اللہ کی قیادت نے نشترپارک کی تحریک لبیک یا رسول اللہ کانفرنس کے ذریعے باقاعدہ قومی سیاسی عمل میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مفتی غلام غوث البغدادی نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں علماءومشائخ کی موجودگی میں پاکستان کو ناپاک سیاسی عزائم سے آزاد کرواکر پاکیزہ سیاست کو پروان چڑیانا، خائن اور کرپٹ قیادت سے قوم کو آزادی دلانا، لبرل ازم اور سیکولرازم کے نام پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو کفرستان بنانے کے سازشوں کی راہ میں انشاءاللہ تحریک لبیک یا رسول اللہ مستقبل قریب میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔ آج ملک کی مذہبی سیاسی جماعتیں اسلام کی خدمت وحفاظت کے بجائے اقتدار اور مفادات کے سیاست میں الجھ کر رہ گئی ہیں۔ جمہوریت کے نام پر سیاسی جماعتیں خود آمریت کو پروان چڑھارہی ہیں غریبوں کا نام لے کر غریبوں سے جینے مرنےکا حق بھی سلب کرلیا گیا ہے اس پس منظر میں ”تحریک لبیک یا رسول اللہ“ کا عنوان ”مغروض پاکستان مضبوط پاکستان کب بنے گا؟“ رکھا گیا ہے اسلامی جمہوری سیاست ہمارا طریقہ تحفظ ناموس رسالت ہمارا مشن اور نظام مصطفی کا نفاذ ہماری منزل ہے۔
تحریک لبیک

مزیدخبریں