ساہیوال (نامہ نگار)انسداد دہشت گردی عدالت ساہیوال کے خصوصی جج شبیر حسین اعوان نے روڈ بلاک ، ہنگامہ آرائی اور دہشت گردی مقدمہ میں گرفتار تین شہریوں محمد طفیل ، منیر احمد اور اللہ یار کی درخواست ضمانت منظور کرکے ملزموں کی رہائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق 8اگست 2016ءکو دیپالپور شہر کو آنے والی روڈ بلاک کرکے 85 مظاہرین نے مسافر ویگنوں، کاروں پر پتھراﺅ کیا اور سرکاری اہلکاروں کو قتل کی دھمکیاں دیں اور فائرنگ کی جس پر تھانہ سٹی دیپالپور نے 85 افراد کے خلاف 7 انسداددہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے 20افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔ دریں اثناءعدالت نے مذہبی منافرت پھیلانے کے مقدمہ میں گرفتار حجرہ شاہ مقیم کے ایک مذہبی لیڈر سید فراست علی کی بھی درخواست ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دے دیا کیونکہ مقدمہ کے مدعی ساجد نعیم اور گواہان اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے تھے اور انہوںنے فیس بک پر لگائے گئے الزامات کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیدیا۔ قبل ازیں تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے سید فراست علی کو گرفتار کیا تھا۔
ضمانت منظور