اسمبلی بند کرانا عمران کا اصل ایجنڈا، کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دیں گے: مسلم لیگ ن

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی+ صباح نیوز) وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا پانامہ لیکس سے کوئی تعلق نہیں‘ اخباری تراشوں اور کاغذ لہرانے والے 2018ء میں بھی نواز شریف اور مریم نواز کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ قومی اسمبلی کا پلان عمران خان نے خود بنایا آج پھر ایک شخص کی گفتگو سنی اور ان کی ذہنی حالت پر افسوس ہوا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار ملک کو اقتصادی قوت بنانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں اور اب عمران اسحاق ڈار سے بھی خوفزدہ ہیں۔ عمران خان نے کل پارلیمنٹ کے اندر پارلیمنٹرین پر حملہ کیا۔ وزیراعظم خود یہ مقدمہ عدالت لے کر آئے ہیں وہ مقدمات جو ختم ہوچکے وہ یہاں لارہے ہیں۔ کل قومی اسمبلی میں انتشار کا پلان عمران خان کی جانب سے تیار کیا گیا۔ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کی ویڈیو موجود ہے۔ عمران خان یہ سب اس لئے کررہے ہیں کیونکہ وہ اپنے آپ کو ہارتا دیکھ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا اس کا پلان عمران نے بتایا۔ ہم کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دیں گے۔ عمران خان اقتدار کیلئے ملک میں انتشار چاہتے ہیں لیکن انہیں اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ عمران خان نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا۔ مائزہ حمید کہتی ہیں ہر جگہ لڑائی جھگڑے کا مقصد ترقی کا راستہ روکنا ہے۔ مسلم لیگ( ن) کی رہنما انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان صرف دھونس اور بلیک میلنگ کی سیاست کرتے ہیں۔ عمران نے پہلے نوازشریف پھر ان کی بیٹی اور اب اسحاق ڈار پر حملہ کیا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسمبلی بند کرانا ہی عمران خان کا اصل ایجنڈا ہے۔ پی ٹی آئی نے قومی اسمبی میں ہنگامہ آرائی منصوبہ بندی کے تحت کی ہنگامہ آرائی منصوبے کے تحت عمران خان جان بوجھ کر اسمبلی نہیں آئے وزارت عظمٰی کے حصول میں ناکامی نے عمران خان کو جمہوریت کا دشمن بنا دیا۔

ای پیپر دی نیشن