رملہ+ جنین + مقبوضہ بیت المقدس+ عمان (اے این این) فلسطینی اتھارٹی نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیرقانونی یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کا معاملہ ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوج داری عدالت میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ یہودی کالونیوں کی روک تھام کا معاملہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ میں اٹھانے کے بعد بھی صہیونی ریاست کی ہٹ دھرمی جاری ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ایک کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو روز مرہ کی بنیاد پر فلسطین میں یہودی آباد کاری کے صہیونی اقدامات کی مانیٹرنگ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق فلسطینی اتھارٹی عالمی عدالت انصاف کے رکن ممالک کو فلسطین میں یہودی آباد کاری کے بارے میں تمام تفصیلات فراہم کرے گی۔ ادھر جنین میں صہیونی فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیل کی جزیرہ نما النقب جیل میں دو سال تک پابند سلاسل رہنے والے اردنی شہری ثائر الحویطی کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ واپس عمان پہنچ گئے ہیں۔
فلسطین