کیرولین وزنائیکی آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کی نئی چیمپئن بن گئیں، وہ کوئی بھی گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی ڈنمارک کی پہلی کھلاڑی بن گئی

Jan 28, 2018

میلبورن (اے پی پی) ڈنمارک کی سٹار کھلاڑی کیرولین وزنائیکی آسٹریلین اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کی نئی چیمپئن بن گئیں، وہ کوئی بھی گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی ڈنمارک کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں سیمونا ہالپ کو سخت مقابلے کے بعد زیر کیا، ٹائٹل فتح کے ساتھ ہی وزنائیکی نے ہالپ سے عالمی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بھی چھین لی۔ ہفتے کو کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں وزنائیکی اور رومانوی کھلاڑی ہالپ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے وزنائیکی کا ساتھ دیا اور انہوں نے ہالپ کو ہرا کر پہلی مرتبہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پہلے سیٹ میں وزنائیکی نے ہالپ کو ٹائی بریک پر 7-6، (7-2) سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن ہالپ نے دوسرا سیٹ 6-3 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، تیسرے فیصلہ کن سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا تاہم وزنائیکی نے ہالپ کو 6-4 سے ہرا کر کامیابی حاصل کی اور کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا، ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ہی کیرولین وزنائیکی عالمی درجہ بندی میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بھی بن گئیں، آسٹریلین اوپن جیتنے پر وزنائیکی کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے، انہوں نے کہا کہ گرینڈ سلام جیتنا دیرینہ خواب تھا، تعبیر ملنے پر میں جذباتی ہو رہی ہوں اور اس لمحے کو ہمیشہ یاد رکھوں گی، میرے والد نے پورے کیریئر کے دوران بہت سپورٹ کیا اور انہی کی بدولت آج اس مقام پر پہنچی ہوں جس پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹل اپنے نام کروں۔

مزیدخبریں