شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ق) کے صوبائی نائب صدر چوہدری شکیل عطاء اللہ ورک نے کہا کہ آج پوری قوم حکمرانوں کی نااہلیوں پر یک زبان ہے اور وہ وقت قریب ہے جب نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا، احتجاج کرنے والے نہتے عوام کے خون سے ہولی کھیلنے والے قاتل حکمران پھانسی کے پھندے پر ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چوہدری شکیل عطاء اللہ ورک ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب بر وقت انصاف نہیں ملتا تو پھر عوام سڑکوں پر نکلتے ہیں،ہماری افرادی قوت کے بارے میں ہمارے دوست اور دشمن اچھی طرح واقف ہیں اور آئندہ جب بھی اپوزیشن کے مشترکہ احتجاج کی کال دی گئی توقاتل ٹولے کی غلط فہمی کو دور کر دیں گے،ہم کل بھی سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین کے ساتھ تھے اور آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ اگر مظلوموں کو انصاف دلانا ہے تو پھر قاتل حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کرنا ہوگاحکومتی درباری جتنا مرضی شور اور جھوٹا پروپیگنڈا کرلیں ان کے خاتمے کا وقت قریب ہے اور انہیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں بچا سکتی۔