کشمور‘ منڈی شاہ جیونہ‘ جھنگ(صباح نیوز+نامہ نگاران) شدیددھند کے باعث گدو تھرمل پاور سٹیشن کے تمام یونٹ ٹرپ ہو گئے۔ ہفتہ کو گدو تھرمل پاور سٹیشن ٹرپ کرنے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ یونٹ 5 سے 15 تک کے یونٹوں سے بجلی کی پیداوار معطل ہوئی، جس سے جعفر آباد، نصیرآباد، صحبت پور، بولان، راجن پور اور رحیم یار خان کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سٹیشن ٹرپ ہونے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں کشمور، کندکوٹ، تنگوانی، جیکب آباد، شکارپور اور لاڑکانہ شامل ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 8گھنٹے بعد بجلی کی بحالی کا عمل شروع ہوگیا۔ منڈی شاہ جیونہ میں شدید دھند کے باعث پولیس وین اور مسافر ویگن میں تصادم کے نتیجہ میں ابرار حسین اور واجد علی زخمی موٹر سائیکل سلپ ہونے سے محمد نامی شخص زخمی ہو گیا۔ڈمپر کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق ،موٹر سائیکل کی کارکو ٹکر سے فیضاں بی بی زخمی ہو ئی۔ ریسکیو 1122نے زخمیوںکو طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو جھنگ ریفر کر دیا۔جھنگ میں سردی کے باعث شہر اور گردونواح میں سوئی گیس غائب ہوگئی ،گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے طلباء و طالبات ،ملازم پیشہ،کاروباری حضرات بغیر ناشتہ کیے ہی جانے پر مجبور ہوگئے ۔ شہر کے مختلف علاقوں علی آرائیں گلی سعید کاٹن فیکٹری والی ،جھنگ بازار،محلہ شیخ لاہوری،پنڈی محلہ ،بلاق شاہ ،محلہ دھپ سڑی سمیت دیگر اہم علاقوںمیں صبح اور شام کے اوقات میں یا تو سوئی گیس بند ہوتی ہے یا پریشر انتہائی کم ہوتا ہے ۔