اسلام آباد (صباح نیوز‘ این این آئی) پاکستان اور انڈونیشیا نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالہ سے 4 سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس میں مہمان صدر کے اعزاز میں باضابطہ تقریب ہوئی۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور انڈونیشین صدر جوکو ویدودو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم ہاؤس میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ انڈونیشیا سے ایل این جی اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمد کے سلسلے میں مفاہمت کے لیے وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور انڈونیشیا کے وزیر توانائی و معدنی وسائل نے دستخط کئے۔ تقریب میں ترجیحی تجارت کے 20 نئی ٹیرف لائنز کے لیے اضافی پروٹوکول پر دستخط کئے گئے۔ وزیر تجارت محمد پرویز ملک اور ان کے انڈونیشین ہم منصب نے دستخط کئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کی سہولت کو بڑھانے کے لیے بھی سمجھوتہ طے پایا۔ اس سے قبل پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ جوکو ویدودو کی سربراہی میں انڈونیشین وفد مذاکرات میں شریک ہوا۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم اور انڈونیشین صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کا وزیراعظم ہا?س پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہا?س آمد پر خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ انڈونیشیا کے صدر کو مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں پاکستان ایئر فورس کے تین جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے ونگ کمانڈر کاشف کمال کی قیادت میں 500 فٹ تک نیچی پروازکرتے ہوئے معزز مہمان کو سلامی پیش کی اور فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے وفاقی وزرائ محمد پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، جام کمال خان اور مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت تقریب میں موجود دیگر حکام کا بھی تعارف کروایا گیا۔ بعدازاں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو ہفتہ کو اپنا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے واپس چلے گئے۔ صدر ممنون حسین نے انڈونیشین اپنے ہم منصب اور خاتون اول ایریانا ویدودو کو رخصت کیا۔ اپنی روانگی سے قبل انڈونیشیا کے صدر نے پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا بھی معائنہ کیا جو ایئر بیس پر موجود تھا۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر عدنان نے معزز مہمان کو جدید ترین طیارے کی خصوصیات اور فنکشنز سے آگاہ کیا۔
انڈونیشیا/ معاہدے