اسلام آباد (اے پی پی) گذشتہ اڑھائی سال کے دوران پاکستان اورآسٹریلیا کی باہمی تجارت میں1.78 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے تاہم پاک آسٹریلیا دو طرفہ تجارت استعداد سے کم ہے۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہا ہے کہ اڑھائی سال قبل پاک آسٹریلیا دو طرفہ تجارت485 ملین ڈالر تھی جو گذشتہ مالی سال2016-17ء کے اختتام پر1.563 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جس میں خدمات کے شعبہ کی تجارت645.8 ملین ڈالر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان نے آسٹریلیا سے1.180 ارب ڈالر کی درآمدات کیں جبکہ پاکستانی برآمدات کا حجم 382.3 ملین ڈالر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان آسٹریلیا کی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مصنوعات کی تیاری اور برآمد پر توجہ دیں جس سے دونوں ممالک کی باہمی تجارت کو بڑھانے میںمدد ملے گی اور آسٹریلیا پاکستان کا اچھا تجارتی شراکت دار ثابت ہوسکتا ہے۔