برآمد کنند گان کے سیلز ٹیکس ریفنڈز 15 فروری تک ادا کرنے کا فیصلہ

کراچی (کامرس رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پانچ ماہ کی مدت میں چند بڑے نوعیت کے معاشی اقدامات کریں گے‘ رواں مالی سال معاشی نمو کی شرح 6 فیصد رہے گی جو10 سال میں بلند ترین شرح ہے رواں مالی سال 300 ارب ڈالر کی معیشت میں 18 ارب ڈالرکا اضافی ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک شام میں چارٹرڈ اکائونٹنٹس اور بزنس کمیونٹی کے افراد سے ملکی معیشت‘ مسائل اور مواقع پربحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ گیس کی قلت میں کمی میں درآمدہ ایل این جی نے اہم کردار ادا کیا۔ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہاہے‘ گیس وبجلی کی فراہمی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال لگاتار ایکسپورٹ میں کمی کے تناظر میں ڈالر کی قدر کوفکسڈ رکھنا بڑی غلطی رہی اس سال انتہائی ضروری ہے کہ بجٹ خسارے کو کم کیا جائے‘ اسے5 فیصد تک رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے عائد کردہ نئی ریگولیٹری ختم کردی جائیں گی۔ ایف بی آر کے وصول شدہ ریونیو کا60 فیصد حصہ صوبوں کو جاتا ہے‘ این ایف سی فارمولا دیکھنا ہو گا‘ معیشت کودستاویزی کررہے ہیں جسے ایمنسٹی کہا جارہا ہے‘ چور دروازے بند کر دیں گے ورنہ یہ ناکام ہو جائے گی۔ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 15 فروری تک برآمد کنندگان کے سیلزٹیکس ریفنڈز کی ادائیگیاں کردی جائیں گی۔ ملک میں 70 فیصد ریونیو ودہولڈنگ ٹیکس سے آتا ہے‘ ہم اس سے ہٹ نہیں سکتے‘ پالیسیاں مرتب کرنے اور ریونیو کی وصولیوں کیلئے الگ الگ ادارے ہونے چاہئیں میں تبدیلی نہیں لایا ‘تبدیلی کہیں اور ہونے جارہی ہے۔ ٹیکس کا دائرہ بڑھانے کیلئے انفرادی ٹیکس ریٹ کم کریں گے۔ قبل ازیں صدر آئی کیپ ریاض رحما ن چامڈیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2017ء میں معاشی نمو اور اعداوشمار میں بہتری رنما ہوئی‘ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کو فوکس کر کے انہیں حل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ بننے سے ملکی معیشت وتجارت کو فائدہ ہو گا۔ اس موقع پر پینل ڈسکشن بھی ہوا جس کے شرکاء میں سی ای او پاکستان کونسل احسان ملک‘ معروف صنعتکار عارف حبیب‘ کونسل ممبر آئی کیپ اشفاق تولہ‘ سابق صدر آئی کیپ اسد علی شاہ اور ڈاکٹر وقار مسعود خان شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن