کراچی (این این آئی) پاکستان کے تائی کو انڈوماسٹر نے کراچی منعقدہ شاندار تقریب میں صرف 55 سیکنڈ میں 396 پنچ لگا کر بھارت کے تائیکوانڈو ماسٹر کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا ۔ پورا پنڈال نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد، پاک آرمی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ تائی کوانڈو ماسٹر، ایشین ٹائٹل ہولڈر، بلیک بیلٹ 5 ڈان غلام مصطفی بنگش نے ڈرگ روڈ یونین فٹ بال اسٹیدیم میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صرف 55 سیکنڈز میں لگاتار 396 پنچ لگا کر بھارت کے تائی کو انڈوماسٹر کا ایک منٹ میں 333 پنچ مارنے کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا۔ اس تقریب میں 2 نوعمر لڑکوں نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے 2 بین الاقوامی ریکارڈ توڑ دیئے۔ ساڑھے 3 سالہ محمد عثمان مصطفی نے صرف 31 سیکنڈ میں 124 بوتلوں کو ہٹ کرکے چائنہ ماسٹر کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا جبکہ 9 سالہ محمد عمر عباس مصطفی نے ایک منٹ میں 102 لکڑی کے بورڈ توڑ کر پاکستان کے 70 سالہ ماسٹر کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا۔ آخر میں فخرِ پاکستان، تائیکوانڈو ماسٹر غلام مصطفی بنگش نے لکڑی کے تختے میں ایک منٹ میں ماتھے سے 32 کیلیں ٹھونک کر دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا اور انوکھا ورلڈ وریکارڈ قائم کردیا۔
پاکستان کے تائی کو انڈوماسٹر نے بھارت کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا
Jan 28, 2018