لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں زینب قتل کیس کی تفتیش پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ معصوم زینب قتل کیس ہمارے لئے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے، اس لئے تفتیش کے دوران انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کئے جائیں گے۔ کسی کو شفاف اور بے لاگ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ معصوم بچی کے قتل کیس کی تفتیش کے دوران حقائق کو مسخ کرنا ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کرکے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غلط بیانی اور بے بنیاد دستاویزات کے ذریعے ہیجان اور ابہام پیدا کرنا قومی تقاضوں کے خلاف ہے۔ پنجاب حکومت نے انصاف کے منافی کوئی کام کیا ہے نہ آئندہ کسی کو کرنے دیا جائے گا۔ ابہام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے عزائم قوم کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں۔ قوم کی معصوم بیٹی پر جو ظلم ہوا اس پر ایسے افسوسناک رویے قومی تقاضوں کے منافی ہیں۔ قانون کے تحت انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی اور میں ذاتی طور پر کیس پر ہونے والی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے رہا ہوں۔ انصاف کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ ایک اور اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی اور قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ہنگامہ آرائی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ پنجاب یونیورسٹی کے ایشو پر کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں سیاست اور ہنگامہ آرائی افسوسناک امر ہے۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کارروائی یقینی بنائی جائے اور پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کے ایشو پر خصوصی کمیٹی فوری طور پر فیصلہ کرکے رپورٹ پیش کرے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
زینب کیس‘ انصاف کے منافی کام کیا نہ کسی کو کرنے دینگے‘ عدل کیلئے آخری حد تک جائیں گے: شہباز شریف
Jan 28, 2018