اسلام آباد (این این آئی)دنیا کی بلند اور خطرناک چوٹی نانگا پربت پر مہم جوئی کرنے والے 2 غیر ملکی کوہ پیما پھنس گئے جن کو بچانے کیلئے امدادی آپریشن شروع کردیا گیا۔ قاتل پہاڑ کے نام سے مشہور دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری بلند چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے 2 غیر ملکی پھنسے ہوئے کوہ پیما ئو ں میں پولینڈ کے ٹوماس مسکیوچ اور فرانس کی الزبتھ ریول شامل ہیں جنہیں نکالنے کیلئے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر روانہ ہوگیا اور ریسکیو آپریشن میں پولینڈ کے 4 کوہ پیما بھی حصہ لے رہے ہیں۔کوہ پیما گروپ الپائن کلب کے عہدیدار کرار حیدری نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسکیوچ اور الزبتھ نانگا پربت کو سر کرتے ہوئے 7400 میٹر کی بلندی پر پھنس گئے اور انہوں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے بیس کیمپ کو اطلاع دی ٗنانگاپربت پر درجہ حرارت منفی 60 تک گرگیا ہے جس کی وجہ سے دونوں غیرملکی کوہ پیما کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہے۔