لاہور (نیوز رپورٹر) بھارت نے پا کستان کو دریائے چناب پر زیر تعمیر آبی منصوبوں کے معائنے کے لئے گرین سگنل دے دیا۔ پا کستانی انڈس واٹر کمشنر کی سربراہی میں وفدگزشتہ روز بھارت پہنچ گیا۔ پیر سید مہر علی شاہ کی سربراہی میں پا کستانی وفد 27جنوری سے یکم فروری تک بھارت کا دورہ کررہا ہے۔ پا کستانی ماہرین کا وفد دریائے چناب پر بننے والے منصوبے لوئر کلنائی اور پکل دل کا معائنہ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر بنائے جانے والے منصوبوں کے معائنہ کے حوالے سے بھی مثبت اشارے دئیے گئے ہیں۔ بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کی سربراہی میں گزشتہ برس اگست میں بھارتی وفد پاکستان آیا تھا۔ انڈس واٹر کمیشن کے کمشنر پیر مہر علی شاہ نے واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت ایک سو انیسواں ٹور ہونے جارہا ہے۔ پچھلے سال اگست 2018 میں بھارت سے ہم منصب پاکستان آئے تھے۔ نو جنوری کو بھارت نے بلایاتھا پاکستان سے تین رکنی وفد جارہا ہے۔ انہوں نے کہا زیر تعمیر پراجیکٹس کا دورہ کیا جائے گا اور انسپیکشن کی جائے گی۔ بھارت سے جو دریا پاکستان کی طرف آرہے ہیں ان کے معاملات دیکھے جائیں گے۔ جو ہمارے تحفظات ہیں وہ انڈس واٹر کمیشن میں درج ہیں۔ اس دورے میں میٹنگز اور انسپیکشن ہوگی۔ ہماری کوشش ہے سندھ طاس معاہدے پر حکومتی کوششوں پر بھرپور کام کریںکیونکہ انڈس واٹر ٹریٹی کا ایک طریقہ کار ہے، اس پر عملدرآمد دونوں ممالک کو فائدہ دے گا۔
دریائے چناب / دورہ