اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے حوالے سے عمران خان کے تبصرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہ عمران خان شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بارے میں زبان سنبھال کر گفتگو کریں۔ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ یونی ورسٹی کے طلباءکو ادھوری تاریخ سے آگاہ کرنا جرم ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ڈکٹیٹر ایوب خان کا راج ختم کیا۔نفیسہ شاہ نے کہا ایک ڈکٹیٹرایوب خان کے سب سے بڑے پرستار آج عمران خان خود ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ اسرائیل پر حملہ کرنے کیلئے شہید بھٹو نے جنگی جہاز بھیجے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ ایوب خان کی ترجیحات کے برعکس شہید بھٹو نے سوویت یونین سے تعلقات استوار کئے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ عمران خان اگر وزیراعظم ہیں تو یہ شہید بھٹو کی جمہوریت کا سلسلہ ہے۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ عمران خان کی چیخ وپکار گواہ ہے کہ بھٹو آج بھی زندہ ہے۔علاوہ ازیں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے گیلپ سروے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نام نہاد گیلپ گیلانی سروے فرمائشی کلام ہے،عمران اینڈ مافیا نے ہزاروں افراد کو بے گھر کیا، موجودہ حکومت نے لاکھوں افراد سے روزگار کا ذریعہ چھینا، کٹھ پتلی حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران اینڈ فرینڈز نے راتوں رات روپے کی قدر پر ڈاکا ڈالا، انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت نے ملک کو مزید مقروض کیا، عمران اینڈ کمپنی نے کسانوں کا معاشی استحصال کیا، گیلپ اینڈ گیلانی سروے بے سری راگنی کے سوا کچھ نہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورصوبائی وزیر سعید غنی نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو وراثت میں جمہوریت کی نگہبانی ملی ہے،عمران اور علیمہ کو وراثت میں امانت میں خیانت ملی۔ وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو وراثت میں جمہوریت کی نگہبانی ملی ہے ۔سعید غنی نے انہوں نے کہاکہ آصف زرداری نے آئین کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی ۔ بلاول بھٹو زرداری کو وراثت میں نانا شہید اور والدہ شہید کا فلسفہ ملا ۔سعید غنی نے کہاکہ عمران خان میں بصیرت ہوتی تو یونیورسٹی صرف علم کی بات کرتے۔ عمران خان کی بدقسمتی کہ عقل بازار میں نہیں ملتی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئرحسین بخاری نے کہاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی میراث بلاول بھٹو مخالفین کے اعصاب پر سوار ہے، ذولفقار علی بھٹو شہید کے کارنامے تا ابد مخالفین کی نیندیں حرام کئے رکھیں گے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباءمیں نفرت پھیلانا جہالت کی نشانی ہے۔ مفت تعلیم فراہمی اور طلباءکو یونین سازی کا حق دینے والے بھٹو کے طلباءمعترف ہیں ۔
پی پی
بھٹو کی میراث بلاول مخالفین کے اعصاب پر سوار عمران زبان سنبھال کر گفتگو کریں : پی پی پی
Jan 28, 2019