لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ۔تحریک انصاف کو یہ سوچنا ہوگا کہ انکے لوگ زمینوں پر قبضے کریں تو ان کے تبدیلی کے دعوؤں کا کیا ہوگا۔ پی ٹی آئی میں بھانت بھانت کے لوگ شامل ہوئے ۔جو دوسری جماعتوں میں تھے وہ اب تحریک انصاف میں دیہاڑیاں لگانے آئے ہیں۔ان خیالات کا ظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پی پی پی کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پی ٹی آئی کے ایم این اے فیض الحسن شاہ کی جانب سے دریائے جہلم کے قریب اپنے رشتے دار چودھری شریف کی زمین پرقبضے کے خلاف پریس کانفرنس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ میراذاتی بھی ہے اورسیاسی بھی ہے۔میرے کزن چودھری شریف دریائے جہلم کے کنارے ہوٹل کے مالک ہیں ۔یہ دو بھائی امریکہ چھوڑ کروطن واپس آئے اور زمین خرید کر ہوٹل کھولا ۔پی ٹی آئی کے ایم این اے فیض الحسن شاہ نے بھی وہاں زمین خریدی، جو دریا کے اندر ہے ۔انہوں نے ان کی زمین پر دعوی کیا، نیب اور اعلی عدالتوں تک معاملہ گیا ۔ان کی ہر درخواست ہر جگہ مسترد ہوئی ۔۔عدالتی سٹے بھی موجود ہے ،ہم نے بورڈ آف ریونیوسے بھی سٹے لیا ۔دونوں سٹے کے خلاف ورزی کر کے انہوں نے اے سی سے ریکارڈ درستگی کا فیصلہ لے کروہاں سرکاری اداروں کے ہمراہ قبضہ کرنا شروع کر دیا۔ہم جھگڑا نہیں کرنا چاہتے ، اس لئے مقامی پولیس سے آئی جی تک بات کی ۔ہم نے پولیس سے کہا کہ امن و امان خراب ہوگا ۔ہم شریف لوگ ہیں۔ معاملہ عدالت میں ہے، یہ کیسا طریقہ ہے کہ حکمران جماعت کا ایم این اے زبردستی زمین پر قبضہ کرے ۔رات گیارہ بجے مداخلت کے بعد قبضہ روکا گیا ۔اب کہا گیا ہے کہ ڈی سی کے پاس دونوں فریقین ریکارڈ کے ساتھ جائیں، ہمیں اس پر اعتراض نہیں ۔خان صاحب کیا تحریک انصاف کا یہی نعرہ تھا ؟ کہ لوگوں کی زمینوں پر قبضے کئے جائیں ۔قبضہ تو ہم نہیں کرنے دیں گے۔ ڈی سی کے پاس جائیں گے اور اپنا ریکارڈ پیش کریں گے۔ چودھری شریف کو اس لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیوں کہ میرے رشتہ دار ہیں اور پی پی پی سے ہیں۔ عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب خود انصاف کیلئے کسی کو مقرر کریں ہم وہاں پر بھی مقدمہ رکھنے کو حاضر ہوں گے۔
پی ٹی آئی والے زمینوں پر قبضے کریں تو تبدیلی کے دعوئوں کا کیا ہوگا: قمر کائرہ
Jan 28, 2019