مقبوضہ کشمیر : دو شہدا سپردخاک‘ سانحہ کپواڑہ کی 25 ویں برسی پر مکمل ہڑتال

Jan 28, 2019

سرینگر(این این آئی+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ قتل عام کی25 ویں برسی پراتوار کو کپواڑہ ضلع میںمکمل ہڑتال رہی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجےوں نے27جنوری 1994 کوکپواڑہ قصبے میںدکانداروں، خریداری کیلئے بازار میں موجود لوگوں اور راہگیروں پر بلا اشتعال اندھا دھند گولیاں برسا کر 27بے گناہ کشمےرےوںکو شہےد کردےا تھا۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی۔ لوگ بڑی تعداد میں شہداءکی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے ریگی پورہ کے علاقے میں واقع مزار شہداءگئے جبکہ قصبے کے دیگر مقامات پر بھی فاتحہ خوانی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ قابض انتظامیہ نے بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے قصبے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر رکھے تھے۔ ادھر سرینگر میں شہید ہونےوالے دو نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ اور وادی کے دیگر علاقوں میں احتجاجی ہڑتال رہی جبکہ ہزاروں لوگوں نے شہید مجاہدین کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہیں آبائی علاقہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ مجاہدین نے اپنے شہید ساتھیوں کو ہوائی فائرنگ کرکے سلامی دی۔ بھارتی فوج کی پیلٹ گن سے فائرنگ میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ گورنر ستیہ پال ملک نے جنگجوﺅں سے ہتھیار چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تشدد اور ٹکراﺅ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ بعض تعلیم یافتہ کشمیری نوجوانوں نے انتہا پسند گروہوں کے جھانسے میں آکر بندوقیں اٹھائی ہیں۔تاہم انکا کہنا تھا کہ ریاست میں لوگ امن اور ترقی کے متمنی ہیں اور انہیں پورا بھروسہ ہے کہ ایک دن وادی کشمیر پھر سے وہی جنت بنے گا جس کو مغل شہنشاہ جہانگیر نے دیکھا تھا۔ متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ اور حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے شہداءکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان شہداءکی قربانیو ں کی بدولت بھارت جلد کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہوگا،بھارت اب زیادہ دیرتک فوجی طاقت کے ذریعے کشمیر پر اپنا جابرانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔ ضلع راجوری میں بھارتی یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریب کے دوران انتظامیہ کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب بھارتی ترنگا لہراتے وقت اچانک زمین پر گر پڑا۔ بھارتی ترنگا گرنے کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہے۔ بارہمولہ میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کشی کر لی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی46راشٹریہ رائفلز کے لانس نائیک ہیمنت کمار پانڈے نے بارہمولہ قصبے میں قائم فوج کی 19انفینٹری بریگیڈ کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کشی کی۔
کشمیر

مزیدخبریں