ڈاکٹر ماریہ سلطان کی وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور سے ملاقات

اسلام آباد (این این آئی)سائوتھ ایشیاء سٹرٹیجک سٹیبلٹی انسٹیٹیوٹ کی ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر ماریہ سلطان نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکورٹی صورت حال بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی اور انسانیت سوز مظالم پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز تحریک کو کسی صورت میں نہیں دبا سکتا۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی متحرک پالیسیز ز الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کی بدولت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانیت سوز مظالم سے متعلق دنیا کی آگاہی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ،جس سے اس مسئلے کے حل میں جلد پیش رفت ہو گی۔سائوتھ ایشیاء سٹرٹیجک سٹیبلٹی انسٹیٹیوٹ (SASSI) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ماریہ سلطان نے مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلے میں اپنے ادارے کے کردار سے متعلق وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہاکہ اُن کا ادارہ مختلف سیمینارز اور دیگرتقاریب کے ذریعے ملکی وغیر ملکی سطح پر مسئلہ کشمیر کو انسانی حقوق کی پامالی ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم ، مسئلہ کشمیر کی بین الاقوامی نوعیت اور مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی بھارتی سازشوں کے حوالے سے بھرپور اُجاگر کررہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے ڈاکٹر ماریہ سطلان اور اُن کے ادارے کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہاکہ مسئلہ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی اور عالمی امن کے حولے سے بڑا حساس مسئلہ ہے اور اس مسئلے کے حل میں مسلسل تاخیرجنوبی ایشیاء کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اوراس سال یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملکی وغیر ملکی سطح پر کشمیری عوام سے بھرپور اور مثالی یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کو مثالی بنانے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں تاکہ حق خود ارادیت کی جائز اور پرُامن جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو سکے ، ملاقات میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن