فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈائریکٹرجنرل میجرجنرل آصف غفورنے کہاہے کہ پاک افغان سرحد پرتقریباً نوسوکلومیٹرباڑلگانے کاکام مکمل کرلیاگیاہے۔وہ شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان میں مقامی وغیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دے رہے تھے جنہوں نے فوجی کارروائیوں کے بعد پہلی باران کے ہمراہ میرانشاہ اور قبائلی ضلع کے دوسرے حصوں کادورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرجنرل نے کہاکہ توقع ہے کہ تقریباً سترارب روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ اگلے سال مکمل کرلیاجائے گا۔جس میں پاک افغان سرحد پرباڑلگانے سمیت نگرانی کے آلات کی تنصیب اورچیک پوسٹوں کاقیام بھی شامل ہے تاکہ سرحد کے آرپارغیرقانونی نقل وحرکت کوروکاجاسکے۔میجرجنرل آصف غفورنے کہاکہ باڑکی تنصیب سے سرحدکے آرپاردہشت گردوں کی نقل وحرکت روکنے میں بڑی حدتک مدد ملے گی۔اس سے پہلے کورہیڈکوارٹرپشاورمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوبریفنگ دیتے ہوئے الیون کور کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمودنے کہاکہ علاقے میں جنگ کے خاتمے کے بعداب فوجی دستے متاثرہ علاقے کی ترقی اوربحالی کاکام کررہے ہیں۔انہوں کہاکہ عارضی طورپربے گھرافرادکی اپنے گھروں میں واپسی کاپچانوے فیصد کام مکمل کیاجاچکاہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں اورعسکریت پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائی کے بعد اب سابق فاٹا میں کوئی ممنوعہ علاقہ نہیں رہا۔
دریں اثناء مقامی اورغیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شمالی وزیرستان میں امن کی بحالی اور ترقی میں پاک فوج کی کوششوں کوسراہاہے۔انہوں نے افغانستان کے ساتھ سرحدپرباڑلگانے کامشکل کام شروع کرنے پرسیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔