راولپنڈی(جنرل رپورٹر)مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے وہاں بنیادی انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جا رہے ہیں،کشمیری عوام کو بنیادی حق خودارادیت دیے بغیر مسئلہ کا حل ممکن نہیں ہے، حکومت پاکستان اپنا جاندار کردار ادا کرے ،آزاد کشمیر عدلیہ میں میرٹ بحالی کی تحریک مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی،اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو سیاسی و قانونی محاز پر تحریک کو بھرپور انداز سے آگے بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جموں و پیپلز پارٹی کے صدر ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر آزاد کشمیر کے حلقوں ہجیرہ اور باغ سے سیاسی رہنماؤں سردار طارق خان اور حکیم لقمان نے ساتھوں سمیت جموں وکشمیر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، پریس کانفرنس کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابرار احمد یاد، سردار رحیم اشرف اور قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔