کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان میں 3.3ملین اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایس ایم ایز)کام کررہے ہیں کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ایس ایم ایز کا کردار بڑا اہم ہے، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے شعبہ کی ترقری سے اقتصادی استحکام کے معاشی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا ہے۔ معروف اقتصادی تجزیہ کار نوید احمد خان نے اپنی تحقیقی رپورٹ میںبتایاکہ پاکستان میں 3.3 ملین ایس ایم ایز کام کررہے ہیں جو روزگار کی فراہمی کا بھی ایک بہت برا ذریعہ ہیں۔ ایس ایم ایز میں مینو فیکچرنگ خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سٹارٹ اپس بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایس ایم ایز کا شعبہ 78 فیصد غیر زرعی افرادی قوت کو روز گار فراہم کرتا ہے جبکہ برآمدات میں شعبہ کا حصہ 25 فیصد اور مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی)میں 30 سے زیادہ کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایاکہ ایس ایم ایز کے شعبہ کی استعداد سے حقیقی استفادہ کے لئے شعبہ کے مسائل کے خاتمہ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف بے روز گاری کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ برآمدات کے فروغ سے قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کے حصول کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور ملک میں تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
پاکستان میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی تعداد 3.3ملین تک پہنچ گئی
Jan 28, 2020