جائیداد، پروفیشنل ٹیکس جمع کرانے کی تاریخ 31جنوری ہے، مکیش کمار چاؤلہ

کراچی (اے پی پی) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ جائیداد اور پروفیشنل ٹیکس جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2020ء ہے اور اس تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایکسائز کراچی اقبال احمد لغاری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے مزید کہا کہ جائیداد ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس نادہندہ گان 31 جنوری سے قبل اپنے ٹیکسز جمع کروا دیں، ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں جرمانے کے ساتھ مذکورہ دکان/ مکان وغیرہ کو سربمہر بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز سندھ کا عملہ ہر طرح کی رہنمائی کے لئے موجود ہے جبکہ پروفیشنل/ جائیداد ٹیکس جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع ٹیکس ادا کرنے والوں کی سہولت کے پیشِ نظر کی گئی تھی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ کاروباری حضرات کی سہولت کے لئے کاروباری حضرات www.excise.gos.pk اور www.business-sindh.gov.pk پر ایک اسان طریقہ کار کے ذریعے اپنا کاروبار رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں اور کاروباری حضرات کی سہولت کے لئے اور کسی بھی معلومات یا شکایت کے کے لئے کراچی 021-32710072، حیدرآباد 022-9200148، سکھر 071-9310202، لاڑکانہ 074-9410751، میرپور خاص 0233-9290211، اور شہید بے نظیر آباد 0244-9370170 نمبرز دیئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے پروفیشنل اور جائیداد ٹیکس کے نادہندہ گان سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے اپنے ٹیکسز بروقت جمع کروا کر قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

ای پیپر دی نیشن