جوہانسبرگ ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کو شکست‘ سیریز 3-1سے انگلینڈ کے نام

Jan 28, 2020

جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ نے مارک وْڈ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹیسٹ میچ 191رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-3 سے اپنے نام کر لی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ نے زیک کرالی، کپتان جو روٹ اور اولی پوپ کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 400رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورجے نے 5وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پہلی اننگز میں کوئنٹن ڈی کوک کی 76رنز کی اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم 183رنز پر ڈھیر ہو گئی، انگلینڈ کی جانب سے مارک وْڈ نے پانچ جبکہ کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے 217 رنز کی برتری کے باوجود فالو آن نہیں کرایا اور دوسری اننگز میں جو روٹ کی نصف سنچری کے باوجود 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جنوبی افریقہ کے بیورن ہینڈرکس نے 5وکٹیں لیں۔پہلی اننگز میں بھاری برتری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو فتح اور سیریز بچانے کے لیے 466رنز کا مشکل ہدف دیا۔دوسری اننگز میں وین ڈر ڈوسن کی 98 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم 274 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور کوئی بھی پروٹیز بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

مزیدخبریں