لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ میچز کی وجہ سے میٹرو بس سروس بند ہونے پر تین روز مسافروں کو انتہائی پریشانی کا سامنا رہا۔ گذشتہ روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والا پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا لیکن میٹرو سروس بند رہی اور بارش بھی جاری رہی جس سے مسافروں کوکئی میل تک پیدل چلنا پڑا۔ لاہور میں ایک ماہ سے زائد عرصہ سے ایل ٹی سی کی بسیں بھی بند ہیں اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں واحد ٹرانسپورٹ کا ذریعہ میٹرو بس سروس تھی اسے بھی سکیورٹی کے نام پر بند کر دینے سے مسافروں کی حالت کا اندازہ لگانا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔ سردی اور بارش میں پیدل سفر کرنے والے شہریوں نے کہا کہ اگر سارے شہر کو بند کر کے میچ کرانے ہیں تو ہمیں ایسی کرکٹ نہیں چاہئے۔ حکومت صرف تصویر کا ایک رخ دیکھتی ہے دوسرا نہیں۔ ذاتی ٹرانسپورٹ رکھنے والے بھی گھنٹوں ادھر ادھر بھٹکتے رہے۔ ٹریفک سارا دن معطل رہی۔ دفاتر جانے والے، طلباء و طالبات، بیمار مسافر گھنٹوں راستے میں پھنسے رہے۔ فیروز پور روڈ بند ہونے سے اس پر واقع ملک کے بڑے گلاب دیوی ہسپتال، جنرل ہسپتال، اتفاق ہسپتال، چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کو بر وقت نہ پہنچایا جا سکا۔ سینکڑوں مریض حکومت کو کوستے ہوئے رو رو کر کہتے رہے کہ اگر راستے بند کرنے ہیں تو ایسی کرکٹ بند کر دی جائے۔
میچ منسوخی کے باوجود میٹرو بس بند‘ شہری بارش میں میلوں پیدل چلتے رہے
Jan 28, 2020