چینی کی قیمتوں میں اضافہ، وفاقی، پنجاب حکومت کو مہلت، سارا معاملہ اجارہ داری، مسابقتی کمشن کیا کر رہا ہے: ہائیکورٹ

Jan 28, 2020

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) ہائی کورٹ نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو جواب داخل کرنے کی مہلت دے دی ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سارا معاملہ اجارہ داری کا ہے مسابقتی کمیشن کیا کررہا ہے۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے وکیل نے کہا کہ چینی مافیا بھٹو دور سے اب تک لوٹ مار کررہا ہے، چینی مافیا ایکسپورٹ کرکے باہر ذخیرہ کرتا ہے اور پھر یہی چینی امپورٹ کرکے دوہرا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ جہانگیر ترین حکومت کا حصہ ہیں ان کی شوگر ملیں بھی ایکسپورٹ کررہی ہیں۔ اظہر صدیق نے بتایا خام چینی باہر سے منگوا کر تیار کرنے پر 55روپے لاگت آتی ہے۔ مقامی چینی کی تیاری سے مارکیٹ پہنچنے تک پینتالیس روپے لاگت آتی ہے۔ بیس روپے ٹیکس عائد کرنے سے لاگت پینسٹھ روپے تک جاپہنچتی ہے۔ سماعت 29جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

مزیدخبریں