لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی پیکیج کی منظوری پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ سے گفتگو میںکہا کہ ملتان کیلئے ترقیاتی پیکیج منظور کرنے پر آپ کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ جیسے وزیراعلیٰ کا ہونا ہماری خوش قسمتی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میرا دوسرا گھر ہے اور اس شہر سے دلی لگائو ہے۔ میں ملتان سمیت ہر پسماندہ شہر اور علاقے کا وکیل ہوں۔ ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔ ملتان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا منصوبہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اگلے مالی سال 2020-21 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کے حوالے سے ہر ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت ہوگی ملتان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے بگ سٹی الائونس کا جائزہ لے کر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ سپیشل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ پنجاب میں پہلی بار ارکان اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے سرکاری دفاتر میں ناکارہ گاڑیوں، مشینری، آلات اور دیگر سامان کو فی الفور نیلام کرنے کا حکم دیا ہے او ر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری محکموں، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو قواعد و ضوابط کے مطابق سامان کو نیلام کیا جائے۔سرکاری دفاتر کو صاف ستھرا نظر آنا چاہیئے۔ سنٹرل پولیس آفس اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں ناکارہ سامان کی نیلامی سے سرکاری خزانے میں 25 کروڑ روپے جبکہ دیگر سرکاری محکموں ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں ناکارہ سامان کی نیلامی سے بھی25 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ جنگلی حیات اور ماہی پروری سے متعلق ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور دیگر امور کا جائزہ لیاگیا۔ پنجاب بھر میں فش مارکیٹوں کے قیام کی تجویزکی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت پنجاب ماہی پروری کے فروغ کیلئے 80 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ میں سلائن واٹرایکو کلچر ریسرچ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ چشمہ بیراج، تونسہ اور ہیڈ پنجند سمیت مختلف بیراجوں پر ماہی پروری کیلئے 5 ہزار کیج قائم ہوں گے۔اجلاس میں ماہی پروری کے فروغ کیلئے کیج فش کلچر کلسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 750 فارمرز کو کپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ دی جائے گی۔ عثمان بزدار سے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ)کی پاکستان میں نئی سربراہ انا بیل گیری نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے انا بیل گیری کو ڈیفڈ پاکستان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباددی اوران کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ملاقات میں پنجاب اورڈیفڈ کے درمیان ڈویلپمنٹ پارٹنرشپ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اورکیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس ہنگامی طورپرمنگوانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایئرپورٹس پر سکیننگ کے نظام کو مزید موثربنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کومچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی پر پوری توجہ دی جائے ۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ 50سے زائدچینی باشندوں کی سکریننگ کاکام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ عثمان بزدار نے ممتاز سکالر ماہر تعلیم شریف المجاہد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔