پاکستان غلط سمت میں جا رہا ہے: گیلپ سروے میں 60 فیصد رائے

Jan 28, 2020

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) گیلپ پاکستان کے تازہ سروے میں کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والے 60 فیصد افراد نے کہا ہے کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔ سروے میں کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والے 433 افراد سے سوال کئے گئے۔ ملک کی سمت سے متعلق پوچھے گئے سوال پر 37 فیصد نے کہا کہ اسے درست سمت میں گامزن کر دیا گیا ہے۔ تین فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اگلے 12 ماہ میں آپ اپنے کاروبار کو کیسا دیکھ رہے ہیں؟ اس کے جواب میں 43 فیصد نے کہا اگلے 12 ماہ میں صورتحال بہتر ہو گی۔ 36 فیصد نے خیال ظاہر کیا کہ اگلا سال پہلے سال سے بھی بدتر ہو گا۔ 16 فیصد نے کہا اگلا سال بھی ایسا ہی رہے گا۔ اس سوال پر کہ کاروبار کو کن چیزوں سے نقصان پہنچ رہا ہے جن کا حل حکومت کو نکالنا ہے۔ 22 فیصد نے کہا کہ مہنگائی سے کاروبار کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ 19 فیصد نے ٹیکسز اور 11 فیصد نے درآمد و برآمد کو ذمہ دار قرار دیا۔ چار فیصد نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور چار فیصد نے کرپشن کو وجہ قرار دیا۔

مزیدخبریں