اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ قوم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد جاننے کیلئے بے قرار ہے، نواز شریف کی اصل مرض کی تشخیص ضروری ہے، ڈاکٹر عدنان معاونت کریں، ہر رکن پارٹی ڈسپلن کا پابند ہونا چاہیے وزیراعظم عمران خان کی سندھ آمد پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی جانب سے استقبال کرنا سیاسی پختگی اور استحکام کی علامت ہے، سیاسی جماعتوں کی جانب سے عوامی مسائل کے حل سے ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو صوبے کا جائزحق دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، عمران خان کا عوام کیلئے کیا گیا ہر وعدہ پورا ہوگا، وزیراعظم کے دورہ ڈیووس میں سابق حکمرانوں سے انتہائی کم اخراجات ہوئے ہیں، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا ہے۔ وزیراعظم کے جرات مندانہ اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، ہر رکن پارٹی ڈسپلن کا پابند بنے۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر ہم سب ایک ہیں، ہم نے سندھ کو مسائل اور کرپشن سے پاک کرنا ہے،کرپشن کے خاتمے سے ہی ہمارے ادارے بحال ہوں گے، سندھ حکومت بھی اپنے اداروں میں کرپشن کے خاتمے کی اصلاحات لائے اورگڈ گورننس کا ثبوت دے، کرپشن فری ماحول کیلئے پاکستان بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جرات مندانہ اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، پاکستان کی ترقی کیلئے سیاسی پختگی کی ضرورت ہے، اتحادی جماعتیں ہماری طاقت ہیں، عوامی ریلیف کے اقدامات میں ان کا کردار اہم ہے، اتحادیوں کے معاملات حل کرنے کیلئے کمیٹی کام کر رہی ہے، اتحادیوں کے حوالے سے سازشی عناصر کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے۔ علاوہ ازیں ٹوئٹر پر بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سندھی نوجوانوں کے خوابوں کی تعبیر کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں با اختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے، نوجوانوں کیلئے زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے، ترقی کے عمل میں حصہ دار بنانے اور معاشی پہیے کو تیز کرنے کیلئے یہ اقدامات نا گزیر ہیں۔
وزیراعظم کا استقبال کر کے وزیراعلیٰ سندھ نے سیاسی پختگی دکھائی: فردوس عاشق
Jan 28, 2020