اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر رواں سال بھرپور انداز میں منایا جائے گا اس روز عام تعطیل ہوگی، وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفر آباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایوان صدر میں غیر ملکی سفراء کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور کئی ماہ سے لاک ڈائون کی وجہ سے رواں سال یوم یکجہتی کشمیر معمول سے ہٹ کر منایا جائے گا۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حق خودارادیت تک ان کی سیاسی ‘سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ پیر کو کشمیر کونسل سیکرٹریٹ میں وزیر امور کشمیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں رواں سال یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا اس دن کی مناسبت سے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا جائے گا، اس روز عام تعطیل ہوگی۔ اس سال یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں تقریبات کا آغاز 27 جنوری سے کردیا گیا ہے۔3 فروری کو کنونشن سینٹر میں اجتماع ہوگا جس سے سیاسی قائدین خطاب کریں گے۔اسی روز کشمیر کونسل کے ممبران 7400 مہاجر خاندانوں میں راشن تقسیم کریں گے۔آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام اہم پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔چاروں صوبائی دارالحکومتوںمیں ریلیوں سے صوبائی وزیراعلیٰ خطاب کریں گے جبکہ ہر ضلع کی سطح پر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوںاور ریلوے سٹیشنوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔کشمیر کمیٹی کے زیراہتمام سیمینار اور پریس کانفرنس کاانعقاد کیا جائے گا۔پی ٹی اے کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 10کروڑخصوصی ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔وفاقی تعلیمی اداروں میں مباحثے اور مضمون نویسی کے مقابلے ہوں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈکے زیر اہتمام خواتین کے مابین ہاکی اور مردوں کے فٹ بال میچ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کے علاوہ مختلف شہروں میں سٹی برانڈنگ کی جائے گی۔اسلام آباد میں سنٹورس مال اور صفا گولڈ مال میں کشمیر سیل کے زیر اہتمام خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ایوان اقبال لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تصاویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔تمام آرٹ گیلریوں میں تصاویری نمائش کا اہتمام کردیا جائے گا۔انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز میں 30جنوری کو خصوصی سیمینار منعقد ہوگاجس سے وزیرامور کشمیر اور حریت قائدین خطاب کریں گے۔تمام فارن مشنز میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی مہم چلائی جائے گی۔دن کے آغاز پر مساجد میں کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائوں کی جائیں گی۔ ڈی چوک اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔قومی کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام قومی اسمبلی کے تمام حلقوں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جس میں متعلقہ رکن قومی اسمبلی شرکت کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آزاد کشمیر کے پرچم پہنچائے جائیں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے۔ہم نے دنیا تک یہ پیغام پہنچا ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں ہم نے معمول کی تقریبات سے نکل کر اس مرتبہ خصوصی طور پر یہ دن منانا ہے۔