جاپانی سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے آئی پی ایس خلیے استعمال کرتے ہوئے دل کا آپریشن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تحقیقی ٹیم کے مطابق ایسا دنیا میں پہلی بار کیا گیا ہے۔یہ مادر خلیے ری پروگرام شدہ انسانی خلیوں سے تخلیق کیے گئے ہیں تاکہ وہ انسانی جسم کے مختلف اقسام کے ٹشو بن سکیں۔پروفیسر یوشیکی ساوا کی زیر قیادت اوساکا یونیورسٹی کی ایک ٹیم نے آئی پی ایس خلیوں سے حاصل کردہ انسانی دل کے خلیوں کی شیٹس تیار کی ہیں۔اس ٹیم نے دل کی سنگین بیماری میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک طریقہ علاج اختیار کیا ہے، جس میں یہ شیٹس دل پر رکھی جاتی ہیں۔ یہ آپریشن رواں ماہ کیا گیا۔ مریض کی بیماری انتہائی سنگین تھی، جس کا علاج صرف ادویات سے ممکن نہ تھا۔ ٹیم نے مریض کی صنف یا عمر نہیں بتائی ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ یہآپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے، اور مریض کو پیر کی صبح عام وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔یہ سرجری نئے طریقہ علاج کو انسانوں پر آزمانے کے تجربات کا حصہ تھی۔ یہ ٹیم علاج کے محفوظ اور موثر ہونے کا ایک سال تک جائزہ لے گی۔آئندہ تین سالوں میں 9 دیگر مریضوں پر ایسے آپریشن کیے جائیں گے۔پروفیسر ساوا نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ طریقہ علاج ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ مریضوں کے لیے سودمند ثابت ہو گا۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ادویات کے ذریعے علاج سے قاصر مریضوں کے لیے اس طریقے کو حتمی طور پر اختیار کر لیا جائے تاکہ مصنوعی دل یا دل کے ٹرانسپلانٹ سے بچا جا سکے۔
جاپانی ٹیم کا آئی پی ایس خلیوں کے ذریعے دل کے آپریشن کا اعلان
Jan 28, 2020 | 12:14