اسلام آباد (نامہ نگار) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے آن لائن امتحانات کا معاملہ یو نیورسٹیوں پر چھوڑتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ منصفانہ نتائج یقینی بنانے کے لیے جامعات کو اپنی استعداد اور ضرورت کے موافق امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کرنا چاہیئے۔ کچھ جامعات کے طلباء کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات امتحانات آن لائن منعقدکیے جائیں کا نوٹس لیا گیا اور یکم فروری سے جامعات کھلنے سے متعلق مشکلات کے پیش نظر تمام صوبہ جات اور علاقوں سے وائس چانسلر حضرات کی مشاورت سے طلباء کے خدشات کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اس پالیسی میں ایچ ای سی نے پہلے ہی جامعات کو امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی صوابدید کو بروئے کار لانے کی اجازت دی ہے، یعنی جامعات آن کیمپس یا آن لائن امتحانات میں سے جس طرز پر طلباء کی کارکردگی کو منصفانہ طور پر پرکھ سکتی ہیں اختیار کریں۔