لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں جتنے مرضی پلان بنا لیں فرق نہیں پڑتا۔ انکے تمام پلان فیل ہوچکے آئندہ بھی فیل ہونگے۔ ترقی کی راہ میں اپوزیشن کا رکاوٹوں کا منصوبہ ملکی مفاد میں نہیں۔ ملک میں احتساب کو بریک لگے گی نہ ہی حکومت اپنے موقف سے پیچھے ہٹے گی۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں قومی اسمبلی مجلس قائمہ خزانہ کے چیئرمین و تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں ان کے مخالفین جانتے ہیں کہ عمران خان حالات سے سمجھوتہ کر نے والے نہیں بلکہ ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا عارضی اتحاد ہے۔ حکومت اپوزیشن کے احتجاج اور لانگ مارچ کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں۔ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ اپنی احتجاجی سیاست اور انتشار پیدا کر کے حکومت کو دباؤ میں لے آئے گی تو ایسا کسی صورت نہیں ہوگا۔ فیض اللہ کموکا نے کہا کہ پہلی بار عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام ہورہا ہے۔ اپوزیشن کا انتشار اور فساد پر مبنی ایجنڈا ناکام ہوگا۔ دریں اثناء گور نر پنجاب نے اپنے ایک بیان میں بھارتی کسانوں پر مودی حکومت کے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سامنے ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت میں انسانی حقوق کے قتل عام کا نوٹس لیں۔