معمار لاہور سرگنگا رام کی پڑپوتی کا لاہوریوں کیلئے اظہار محبت‘ شلوار قمیص میں امریکی سینیٹر شپ کا حلف اٹھا لیا

Jan 28, 2021

لاہور (نیوز ڈیسک) جدید لاہور کے بانی اور معمار لاہور کہلانے والے عظیم انجینئر اور عوامی فلاحی رہنما سر گنگا رام کی پڑپوتی کشیا رام نے جو ورماؤنٹ سے امریکی سینٹ کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز مشرقی لباس شلوار قمیص میں رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ لاہور میں امریکی قونصل خانے نے انکی تصویر کو ٹویٹ کرتے ہوئے سرگنگا رام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کشیا رام نے ٹویٹ میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ انکے دادا کی صحت اور خواتین کی تعلیم کے فروغ میں خدمات کا اہل لاہور پر اس قدر اثر ہے کہ وہ آج بھی انکے پڑدادا کیلئے دعائیں کرتے ہیں۔ جس پر میں لاہوریوں کی بہت مشکور ہوں۔ واضح رہے کہ سر گنگا رام نے لاہور میوزیم‘ ہیلی کالج آف کامرس‘ جی پی او ‘ میو سکول آف انڈسٹریل آرٹس (اب نیشنل کالج آف آرٹس) گنگا رام ہسپتال سمیت کئی عالیشان اور جدید عمارات نہ صرف تعمیر کرائیں بلکہ انکے ڈیزائن بھی مرتب کئے۔

مزیدخبریں