اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے این اے 249 سے امیدوار کی فیصل واوڈا نااہلی کیس میں فریق بننے کی درخواست پرالیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کوجواب کیلئے نوٹس کردیے۔گذشتہ روز قادر خان مندوخیل جی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل نے کہاکہ پٹشنر نے این اے 249 سے الیکشن لڑا ہے،عدالت نے استفسارکیاکہ وہ اس کیس میں کیوں پارٹی بننا چاہتے ہیں،آپ امیدوار ہیں الیکشن لڑ رہے ہیں اس سے کیا فرق پڑتا ہے،اس درخواست سے آپ کا کیا تعلق بنتا ہے، درخواست گزار وکیل نے کہاکہ دیکھیں ایسا نہیں ہے میں نے اس حلقے سے الیکشن لڑا ہے میرا تعلق بنتا ہے،عدالت نے وکیل پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دیکھیں کیا ہوتاہے کیسے بات کر رہے ہیں آپ کو ہائیکورٹ کے سامنے بات کرنے کا نہیں پتہ؟، بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے، عدالت نے فریق بننے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فیصل واؤڈا نے عام انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جھوٹا بیان حلفی دیا،فیصل واؤڈا نے امریکی شہریت چھپائی اور جھوٹ بولا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے، آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔